ویمن کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کی 18 مییچز ہارنے کے بعد پہلی فتح

 ویمن کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستان کی 18 مییچز ہارنے کے بعد پہلی فتح

ویمن کرکٹ ورلڈ کپس میں مسلسل 18 میچ ہارنے والی پاکستانی ٹیم نے بِالآخِر فتح کا مزا چکھ لیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو نیوزی لینڈ کے شہر ہمیلٹن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کی ویمن کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔

بارش سے متاثرہ میچ 20 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کی مضبوط بیٹنگ لائن مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 89 رنز ہی بنا پائی۔

پاکستان نے مطلوبہ ہدف سات گیندیں قبل ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

یہ سنہ 2009 کے بعد پاکستان کی ورلڈ کپ میں پہلی فتح ہے۔

سپنر ندا ڈرا جنہوں نے میچ میں کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں، کا کہنا تھا ’اس کا شدت سے انتظار تھا، ہم سب یہ جیت چاہتے تھے۔‘

’یہ فتح ان تمام پاکستانی شائقین کے نام ہے جو ہمیں دیکھتے ہیں اور سپورٹ کرتے ہیں۔‘

اگرچہ پاکستانی ٹیم پانچ میں سے صرف ایک میچ جیتنے کی وجہ سے سیمی فائنلز کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے لیکن ویسٹ انڈیز کی حیران کن ہار اس کی مخالف ٹیموں کا حوصلہ ضرور بلند کرے گی۔

0 Comments