بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے چھ ماہ تک آئینہ کیوں نہیں دیکھا؟

 بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے چھ ماہ تک آئینہ کیوں نہیں دیکھا؟

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نے انکشاف کیا ہے کہ شروع میں فلمسازوں نے نہ صرف انہیں 13 فلموں سے نکال دیا تھا بلکہ بدصورت بھی قرار دیا تھا، جس پر وہ آئینے کے سامنے جانے سے ڈرتی رہیں اور چھ ماہ تک اپنی صورت نہیں دیکھی۔

انڈین اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق ودیا بالن کے کریڈٹ پر ڈرٹی پکچر، شیرنی، کہانی اور کہانی ٹو سمیت بعض دوسری اہم فلمیں ہیں۔

کئی سال کی جدوجہد کے بعد انہوں نے اپنے فن کا لوہا منوا لیا تاہم شروع میں انہیں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ودیا بالن نے ایک انٹرویو میں گزرے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کیسے فلمسازوں نے انہیں بدصورت کہہ کر نظرانداز کر دیا تھا جس کے بعد وہ آئینے کے سامنے آنے سے ڈرتی تھیں اور چھ ماہ تک آئینہ نہیں دیکھا۔

ودیا بالن کا کہنا تھا کہ ’مجھے خود کو دیکھنے کا حوصلہ ہی نہیں ہو رہا تھا۔‘

ان کے مطابق ’حالیہ دنوں میں مجھے ان پروڈیوسرز کی جانب سے کالز آئیں جنہوں نے پہلے اپنی فلم سے نکال دیا تھا، تاہم میں نے خوشگوار انداز میں انکار کر دیا۔‘

ودیا بالن نے انکشاف کیا کہ انہیں 13 اہم فلموں میں سے نکال دیا گیا تھا۔

’فلم سے الگ کرتے ہوئے میرے ساتھ ایک پروڈیوسر کا رویہ انتہائی ہتک آمیز تھا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد وہ چھ ماہ تک آئینہ دیکھنے کی ہمت نہیں کر سکی تھیں۔

ودیا بالن کا مزید کہنا تھا کہ جب ان کو فلموں سے نکال کر دوسری اداکاراؤں کو رکھا جا رہا تھا اس وقت انہوں نے بالاچندر کی دو فلمیں سائن کیں۔ ’کچھ روز بعد مجھے علم ہوا کہ بغیر کسی اطلاع کے مجھے ان فلموں سے بھی نکال دیا گیا ہے۔‘

0 Comments